29 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:52
بری ہونیوالوں کی خفیہ اداروں کو حوالگی کیخلاف کیس کی سماعت
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اسلام آباد ہائی کورٹ نے دہشت گردی کے مقدمہ میں بری ہونے والے افراد کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے بجائے خفیہ اداروں کی تحویل میں دینے کیخلاف درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان نے عبدالباعث کی جانب سے اس کے تین بھائیوں سیدعبدالصبور، سید عبدلماجد اور سید عبدالباسط کی دہشت گردی کے مقدمہ میں بریت کے باوجود عدم رہائی اور دیگر آٹھ افراد کے ہمراہ خفیہ اداروں کی حوالگی کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تینوں افراد کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا، اگر انہیں حراست میں ہی لینا تھا تو پہلے آرمی ایکٹ کے تحت ان کے خلاف چارج شیٹ پیش کی جانی چاہئے تھی۔ مقدمہ کی مزید سماعت چار اکتوبر کو کی جائیگی۔