30 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:53
پاکستان کو سرحدی علاقوں میں عسکری سرگرمیوں سے نمٹنا ہوگا، نیٹو
جنگ نیوز -
برسلز…نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ سرحدی علاقوں میں محفوظ ٹھکانے رکھنے والے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی تیز کی جائے۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل اینڈرز فوگھ راسموسن نے برسلز میں یورپین پالیسی سینٹرکے تحت ڈیفنس فورم سے خطاب کے دوران کہاکہ پاکستان کو افغانستان میں استحکام کے لئے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردی اور انتہا پسندی سے بھرپور طور پر نمٹنے کے لئے نیٹو پاکستانی فوج اور حکومت کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شدت پسندوں کے محفوظ ٹھکانے افغانستان میں اتحادی فوجیوں کے لئے سلامتی کا مسئلہ ہیں۔ ان محفوظ ٹھکانوں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ یہ نیٹو اور پاکستان کے باہمی مفاد میں ہے۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں واضح پیغام پاکستان حکام کو دے دیا گیا ہے۔