تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
30 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:53

حکومت زلزلہ زدگان کی مکمل آباد کاری کیلئے پرعزم ہے، وزیر اعظم

جنگ نیوز -
اسلام آباد…جنگ نیوز… وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے 2005ء کے زلزلہ زدگان کی مکمل آباد کاری اور مربوط کوششوں کے ذریعے کامیاب منصوبوں کو آگے بڑھانے کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جمعہ کو یہاں ایرا کونسل کے 13 ویں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اطمینان کا اظہار کیا کہ متاثرہ علاقوں میں کئی ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ اب تک 55 فیصد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور 29 منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ اب تک 365 ارب روپے کے منصوبے مکمل ہوئے ہیں جبکہ 100 ارب روپے کے باقی منصوبوں کی تکمیل کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے جن میں سے بیشتر تعلیمی سہولیات سے متعلق ہیں تاہم کامیابیوں کے باوجود ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ نئے اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سمیت پیچیدہ سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کی جدوجہد کر رہی ہے اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجوں کے باوجود زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کیلئے حکومت کا عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کیلئے پرعزم ہے اور مالی دشواریوں کے باوجود تمام درکار وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005ء کے زلزلے کے بعد ایرا اور اس کے شراکت داروں نے متاثرہ علاقوں میں زندگی معمول پر لانے کیلئے جدید سہولیات کی تعمیر میں بے پناہ پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے عوام، عالمی شراکت داروں اور عالمی برادری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت امداد کے بغیر یہ سب کچھ ممکن نہ تھا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم، وزراء اعلیٰ، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین ایرا اور ایرا کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.