30 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:53
دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا تعاون ضروری ہے،وائٹ ہاؤس
جنگ نیوز -
واشنگٹن …جنگ نیوز… امریکی قصر صدارت وائٹ ہاؤس نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابی کیلئے پاکستان کے تعاون کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ امریکا کے تعلقات پیچیدہ لیکن نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ امریکی صدر بارک اوباما کے ترجمان جے کارنے نے اخبار نویسوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان القاعدہ کیخلاف جنگ میں ہمارا اہم اتحادی ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری ہے اور ہمیں توقع ہے کہ پاکستانی ہمارے ساتھ اس سلسلے میں تعاون جاری رکھیں گے۔ ترجمان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ دونوں اطراف کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے لیکن امریکا اس سلسلے میں پاکستانی حکام کے ساتھ دوستانہ ماحول میں بات چیت کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہمیں اس بات پر مکمل یقین ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات نہایت اہمیت رکھتے ہیں اور پاکستان کی جانب سے تعاون ہماری قومی سلامتی کیلئے ضروری ہے۔