1 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:53
پروفیسر ربانی کے قتل کا منصوبہ کوئٹہ میں بنایا گیا،افغان انٹیلی جنس کا الزام
جنگ نیوز -
کابل… افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پروفیسر برہان الدین ربانی کے قتل کا منصوبہ کوئٹہ میں بنایا گیا جس کے ثبوت پاکستانی حکام کے حوالے کردیئے گئے ہیں۔ افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے ترجمان لطف اللہ مشعل نے کابل میں صحافیوں سے گفت گو کے دوران کہا کہ پروفیسر ربانی کے قتل کا منصوبہ کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاوٴن میں تیار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سازش میں ملوث افراد کی تصاویر ، پتے اور نقشے پاکستانی سفارت خانے کے حوالے کردیئے گئے ہیں۔ گذشتہ روز افغان صدر حامد کرزئی نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ برہان الدین ربانی کے قتل میں کوئٹہ کے کچھ معروف افراد ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دو روز میں ایک تحقیقاتی ٹیم پاکستان بھیجیں گے۔ اگر پاکستان نے تعاون نہ کیا تو وہ یہ معاملہ اقوام متحدہ کے پاس لے جائیں گے اور اس سے تفتیش کی درخواست کریں گے۔