1 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 13:16
پاکستانی سرحد کے قریب پہلی بار جدید ترین بھارتی طیاروں کی تعیناتی
جنگ نیوز -
کراچی …رفیق مانگٹ…تاریخ میں پہلی باربھارت نے پاکستانی سرحدسے چند کلومیٹر کے فاصلے پر جدید ترین جنگی طیاروں کی تعیناتی شروع کردی۔بھارتی ائیر فورس پاکستانی سرحد پر اپنی موجودگی کو بڑھاتے ہوئے ایس یو 30 لڑاکا سکواڈرن کل اتوار کو تعینات کردے گا بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق تاریخ میں پہلی بار بھارت نے پاکستان کی سرحدکے بہت قریب بڑی تعداد میں جنگی طیارے Sukhoi-30-MKI کی تعیناتی کی ہے۔راجستھان ریاست میں واقع جودھپور پہلابھارتی بیس ہے جہاں ان جنگی طیاروں کا اسکوڈرن تعینات کیا جا رہا ہے۔ بھارتی دفاعی ترجمان کرنل ایس ڈی گوسوامی نے کہا کہ ان طیاروں کی تعیناتی سے مغربی سرحدوں پر دفاع مضبوط ہوگا اور یہ طیارے ہر قسم کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ائیر فورس کے Sukhois پہلی بار پاکستان کی سرحد کے قریب ہو رہے ہیں دو انجن کے حامل روسی Sukhois طیارے ا ب بھارت میں لائسنس کے تحت تیار کیے جا رہے ہیں۔یہ طیارے دنیا کے اہم جنگی جہازوں میں سے ایک ہیں ۔ان طیاروں کی رفتار 2450کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور یہ جودھپور سے چند منٹ میں مغربی سرحدوں تک پہنچنے کے قابل ہیں۔