1 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 15:27
اسٹاک میں اس ہفتے تیزی، انڈیکس 11 ہزار700 کی سطح عبورکرگیا
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . کراچی اسٹاک میں اس ہفتے تیزی رہی اور انڈیکس گیارہ ہزار سات سو پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔اس ہفتے کاروبار کا آغاز منفی ہوا اور پاک امریکا تعلقات میں کشیدگی کے باعث مارکیٹ میں ابتدائی دنوں میں شدید مندی دیکھی گئی۔ مگر مالیاتی اداروں کی خریداری ،ڈسکاونٹ ریٹ میں متوقع کمی اور نیشنل سیونگ ریٹ میں کمی کے اعلان نے مارکیٹ کو سہارا دیا۔اس ہفتے کے ایس ای 100 انڈیکس 497 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 11 ہزار 762 پوائنٹس پر بند ہوا۔اس ہفتے اوسط کاروباری حجم 8 کروڑ 30 لاکھ شئیرز رہا جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں سولہ فیصد زائد ہے۔ سب سے زیادہ کام فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کیشیئرز میں ہوا۔ اس ہفتے کے ایس ای 30 انڈیکس 469 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 11 ہزار221 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کا یہ تسلسل آئندہ ہفتے بھی برقراررہ سکتا ہے۔