1 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 19:32
پنجاب میں بدترین لوڈشیڈنگ،چار چارگھنٹے کیلئے ایک ساتھ بجلی بند
جنگ نیوز -
لاہور . . . . . حکومتی دعوے ایک بار پھر دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر7ہزار500 میگا واٹ کی خطرناک حد کے قریب پہنچ گیا ہے۔پیپکو ذرائع نے لاہور میں جیو نیوز کو بتایا کہ بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر ساڑھے7ہزا میگا واٹ کے قریب پہنچ گیاہے جس کی وجہ سے پنجاب میں بدترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔تمام چھوٹے بڑے شہروں میں24 گھنٹوں کے دوران 16سے20گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے،لاہورمیں متعدد فیڈر ایک ساتھ 4۔4گھنٹے کیلئے بند کر دیئے جاتے ہیں،جس کی وجہ سے لوگوں کے جنریٹر اور یو پی ایس بھی جواب دے گئے ہیں،جبکہ پانی بھی غائب ہے۔پیپکو ذرائع نے ان حالات کا ذمے دار نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج پانچویں روز بھی وہاں سے براہ راست بجلی بند کی جا رہی ہے۔