1 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 19:32
بارشوں سے کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں،سینیٹر نیر بخاری
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . پرائم منسٹر ریلیف کمیٹی کے سربراہ سینٹر نیر بخاری نے کہا ہے کہ سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اگر مضر صحت سامان تقسیم ہوا تو سخت ایکشن لیں گے۔ انھوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں سے کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جس سے ہماری جی ڈی پی نیچے آئے گی۔یہ بات انھوں نے کراچی پریس کلب میں رکن قومی اسمبلی نذر محمد گوندل اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر ظفراقبال قادر کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہی۔ سینٹر نیر بخاری نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے بہت تباہی آئی ہے، حکومت تنہا سب کام نہیں کرسکتی۔ انھوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں سے میر پور خاص، عمر کوٹ، سانگھڑ کے اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں، وہاں اب بھی کچھ علاقوں میں پانی نکالنے میں ایک سے ڈیڑھ ماہ کا عرصہ لگ سکتا۔ سینٹر نیر بخاری نے کہاکہ این ڈی ایم اے اور امن فاوٴنڈیشن کے اشتراک سے پہلی میڈیسن موبائل کلینک مثبت قدم ہے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر خوراک نذر محمدگوندل نے کہا کہ گزشتہ سال کے سیلاب کے مقابلہ میں حالیہ بارشوں میں زیادہ تباہی آئی ہے لیکن سندھ کے لوگ بہت باہمت ہیں، اورخوشی کی بات ہے کہ مشکل حالات کے باوجود متاثرین کے حوصلے بلند ہیں۔ انھوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی تقسیم بہتر طریقہ سے ہو رہی ہے۔ نذر محمدگوندل نے بتایا کہ سندھ میں اس سال اوسطاً 700 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔