2 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 3:16
ملک بھر میں بجلی کی بندش: عوام کا احتجاج، کاروباری سرگرمیاں ٹھپ
جنگ نیوز -
لاہور ... ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی طویل بندش کیخلاف عوام احتجاج کررہے ہیں۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بھی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہیں کئی کئی گھنٹوں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ لاہورکے شہری بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف سراپااحتجاج بن گئے۔انہوں نے کئی مقامات پر ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک بلاک کر دی۔گلشن راوی میں پولیس نے مظاہرین پر دھاوا بول دیا،ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے انہیں تشدد کانشانہ بنایا اور 7افراد کو گرفتار کرکے لے گئی،گوجرانوالہ میں بھی لوگوں نے اپنا غم و غصہ جی ٹی روڈ پر ٹائر جلا کر نکالا۔فیصل آباد کے شہری علاقوں میں 14 سے 18 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ سے معمولات زندگی بْری طرح متاثر ہیں۔ صنعتی علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ آٹھ گھنٹے کردیا گیا ہے۔ چیچہ وطنی میں مشتعل شہریوں نے گرڈ اسٹیشن کا گھیراوٴ کرلیا جبکہ خانیوال اور سیالکوٹ کے مکینوں نے بھی لوڈشیڈنگ کے طویل دورانیے کے خلاف مظاہرے کیے۔سرگودھا شہر بھی تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے جہاں 14سے 16 گھنٹے تک بجلی کا غائب رہنا معمول بن گیا ہے۔ملتان کے شہری علاقوں میں آٹھ سے نو جبکہ دیہی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے دن کا سکون اور رات کی نیندیں غارت ہوچکی ہیں۔بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ حیدر آباد میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے کارووبار متاثر ہے۔ سکھر اور لاڑکانہ کے شہری علاقے 8 گھنٹے اور دیہی علاقے 10گھنٹے بجلی سے محروم رہتے ہیں۔ نوابشاہ اور میرپور خاص میں بھی شہری 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیل رہے ہیں۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ پندرہ گھنٹے جبکہ دیہات میں بیس گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے۔ نوشہرہ ، مردان، کوہاٹ ، لکی مروت ، شانگلہ، لوئر اور اپر دیر میں 10 سے 12 ، ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک اور کرک میں 8سے 10 گھنٹے جبکہ مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ باجوڑ ایجنسی میں تین روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔چمن ،لورالائی، زیارت اور پشین میں 10سے 18گھنٹے لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔ جعفرآباد اور نصیرآباد میں بجلی کے بحران کی وجہ سے سیکڑوں رائس ملیں بند ہوچکی ہیں۔ آزاد کشمیرکے ضلع کوٹلی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف ہڑتال کی گئی جہاں وکلا ، تاجروں اور طلبا نے مظاہرہ بھی کیا۔ مظفرآباد میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف تاجر برادری نے مظاہرے کے دوران مرکزی سڑک بلاک کردی۔کوئٹہ شہر میں 4سے6جبکہ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں 8گھنٹے تک کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ،جبکہ بلوچستان کے دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے تک ہے۔