2 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:5
شکار پور جیکب آباد ملانے والی شاہراہ زبوں حالی کا شکار
جنگ نیوز -
جیکب آباد…ملک کے تین صوبوں کو آپس میں ملانے والی شکارپور جیکب آباد سکھر قومی شاہراہ پر چار سال گزرجانے کے باوجود تا حال کام شروع نہیں ہو سکا ہے،شکارپور سے گذرنے والی یہ تین صوبوں سندھ، پنجاب اور بلوچستان کو ملانے والی واحد قومی شاہراہ ہے،سابق وزیراعظم محمد میاں سومرو نے عوام کی مشکلات کے پیش نظر اس قومی شاہراہ کو دو رویہ کرنے کا اعلان کیا تھا،ساڑھے سات ارب روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ پانچ سال میں مکمل ہونا تھا،بدقسمتی سے منصوبہ چار برسوں میں شروع ہی نہ ہوسکا،المیہ تو یہ ہے کہ پانچ برسوں سے اس اہم شاہراہ کی مرمت بھی نہ ہوپائی۔جس سے سفر کرنے والے اذیت کا شکار ہیں۔ 2010 میں آنے والے سیلاب اورحالیہ بارشوں نے اس شاہراہ کو مزید زبوں حال بنا دیا ہے یہاں سے گذرنے والی گاڑیوں میں سوار افراد کو مشکلات کا سامنا تو کرنا ہی پڑتا ہے لیکن اس کے ساتھ انکا وقت بھی برباد ہوتا ہے۔شکارپور سے جیکب آباد اور شکارپور سے سکھر تک ایک گھنٹے کا سفر تین سے ساڑھے تین گھنٹوں میں طے ہوتا ہے،مسافروں کے ساتھ ٹرانسپورٹرز بھی پریشان ہیں۔ڈی سی او شکارپور کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے اس منصوبہ کے لیے حال ہی میں ایک سو ملین روپے جاری کیے ہیں اور اس پر کام بھی جلد شروع ہو جائے گا،تاہم کام شروع ہونے پر ہی لوگوں کو اس کا یقین ہوگا۔اس قومی شاہراہ کی خستہ حالی کے باعث ہزاروں افراد کو تکلیف کے ساتھ ہر حادثات رونما ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔تاہم منصوبے کی بروقت تکمیل سے عوامی مشکلات کو کم کیا جاسکتا ہے۔