2 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:17
ربانی کا قتل:کابل غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرے، پاکستان
جنگ نیوز -
اسلام آباد…دفتر خارجہ نے افغان وزیر داخلہ کی طرف سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانحکام غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے گریز کریں۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کیخلاف افغانستان کے الزامات بے بنیاد ہیں، کابل حکام اس بات پر غور کریں کہ افغانستان میں امن اور پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہنے والوں کو منظم طریقے سے مارا جا رہا ہے، کابل سفارت خانہ زیر حراست ایک افغان شہری کے اعترافی بیان پر الزامات لگا رہا ہے ۔ افغان وزیر داخلہ نے یہ بتانا گوارا نہیں کیا کہ قاتل قندھار اور کابل میں کیسے گھوم رہا تھا، وہ چار دن تک امن کونسل کے گیسٹ روم میں ٹھہرا رہا اور بظاہر اس کی جامع تلاشی نہیں لی گئی، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ برہان الدین ربانی پاکستان کا بہترین دوست تھا، افغان وزیر داخلہ کا بیان قابل افسوس ہے ،وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پہلے ہی تفتیش میں تعاون کی پیش کش کر چکے ہیں۔