تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
2 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:17

فیصل آباد: بجلی کے ماروں کا دن بھر احتجاج ،تاجروں کا ہڑتال کا اعلان

جنگ نیوز -


فیصل آباد…فیصل آباد میں بجلی کے ستائے شہری دن بھر احتجاج کرتے رہے۔ ہنگامہ آرائی ،جلاوٴ گھیراوٴ اورتوڑ پھوڑ کے دوران قیمتی املاک کو بھی نقصان پہچایاگیا۔اس دوران فیصل آباد سے پہلی حج پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکاررہی۔انجمن تاجران نے کل شہر میں شٹرڈاوٴن کا اعلان کیاہے۔ فیصل آباد کی جھنگ سڑک اور سمندری روڈ آج صبح سے ہی میدان جنگ بنی رہی۔ رات بھربجلی کی لوڈ شیڈنگ کاعذاب جھیلنے کے بعد صبح ہوتے ہی مشتعل شہری اپنا غصہ اتارنے گھروں سے باہر نکل آئے اور احتجاج شروع کردیا۔ بسوں اورگاڑیوں پرپتھراوٴ کیاگیا،توڑ پھوڑ کے بعد ٹائروں کو آگ لگادی گئی جوکچھ سامنے آیا ، احتجاج کی نذرہوگیا۔مشتعل شہریوں نے واپڈا آفس کو آگ لگادی اور ٹریفک کو کنٹرول کیلئے نصب سگنلز پر یوں ڈنڈے برساتے رہے جیسے یہی سارے فساد کی جڑ ہوں۔ سی پی او فیصل آباد رائے طاہر کی جانب سے اقدامات کے بعد ، مشتعل مظاہرین منتشر ہوئے۔ہنگامہ آرائی کے دوران نجی ائیرلائن کے غیر ملکی عملے کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایاگیا جس کے بعد عملہ خوف زدہ ہوگیا اور کام کرنے سے انکار کردیا۔ وزیر مملکت نجکاری آصف توقیر نے عملے کو سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی اور واقعے پر معذرت کی جس کے بعد فلائٹ 5 گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ ہوئی۔ملک کے سب سے بڑے صنعتی شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر پریشان تاجروں نے کل شہر میں شٹرڈاوٴن کا بھی اعلان کیاہے۔فیصل آباد کے شہری گھنٹوں بجلی کی بندش کا شکارہیں، صنعتیں بند ہورہی ہیں اور پانی نایاب ہوتاجارہاہے۔ آج اپنا غصہ اتارنے کیلئے شہریوں نے اپنی ہی املاک کو نقصان پہنچایا اورعازمین حج کو گھنٹوں حج پرواز کا انتظارکرایا۔ احتجاج اپنی جگہ لیکن اگر شہری احتجاج کاپرامن طریقہ اپناتے تونقصانات سے بچا جاسکتا تھا۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.