3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 3:56
لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوسکا،کئی شہروں میں تاجروں کاآج ہڑتال کا اعلان
جنگ نیوز -
اسلام آباد ... واپڈاکے دعووٴں کے باوجودملک کے کئی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوسکا۔بجلی کی طویل بندش کے خلاف فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا کے تاجروں نے آج شٹر ڈاوٴن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔چمن، لورالائی اور پشین سمیت شمالی بلوچستان میں15سے 18 گھنٹے جبکہ نصیرآباد ،جعفرآباد اور جھل مگسی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے۔گھنٹوں بجلی غائب رہنے سے شہری عذاب میں مبتلا ہیں۔سندھ میں لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، شکارپور، نواب شاہ، خیرپور، میرپورخاص اور گھوٹکی میں 10 سے 12 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے بجلی کے تعطل سے کاروبارزندگی مفلوج ہوکررہ گیاہے،حیدرآباد، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو محمد خان اور مٹیاری میں 10 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری ہے،جبکہ دیہی علاقوں میں محض چند گھنٹے ہی بجلی فراہم کی جارہی ہے۔جنوبی پنجاب میں ملتان اوراس کے مضافات میں دس سے پندرہ گھنٹے لوڈشیڈنگ سے عوام کا برا حال ہے،ڈیرہ غازی خان، خانیوال، لودھراں اور مظفرگڑھ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے تک جاپہنچا ہے،گوجرانوالہ،سرگودھا، جھنگ اور گجرات میں بجلی کی طویل بندش کے باعث عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے،خیبرپختونخوامیں ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدہ، نوشہرہ، مانسہرہ،سوات، شانگلہ، اپر اور لوئر دیر میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ باجوڑ، خیبر اور مہمند ایجنسی کے کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے