3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 4:7
کراچی:کٹی پہاڑی میں پولیس کی بھاری نفری کا آپریشن جاری
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی کے علاقے کٹی پہاڑی میں پولیس کی بھاری نفری کا آپریشن جاری ہے ، اس علاقے میں چند گھنٹوں قبل کارروائی کرنے والے پولیس اہلکار یرغمال بنا لیے گئے تھے ، جنھیں ڈیڑھ گھنٹے بعد علاقہ مکینوں سے مذاکرات کے بعد رہاکرایا گیا۔ہفتے کے روزاورنگی ٹاوٴن اور قصبہ کالونی میں گرینیڈ حملے کرنے والے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کی 20 سے زائد موبائلز نے اسلامیہ کالونی میں واقع مدرسہ اور مسجد کوگھیرے میں لے لیا، جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی نفری جوابی کارروائی کرتے ہوئے علاقے سے نکل گئی تاہم ایس ایچ او پیرآباد پرویز گجر سمیت 22اہلکاروں کو علاقہ مکینوں نے مسجد میں یرغمال بنالیا۔ جب ڈی ایس پی پیر آباد ملک ممتازموقع پرپہنچے تو ان پر بھی پتھراوٴکیاگیا اور مشتعل افرادنے ان کے کپڑے پھاڑ دیے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی اورنگی ٹاوٴن شاہ جہاں خان نے جائے وقوعہ پرپہنچ کر اہل علاقہ سے مذاکرات کیے اور کسی کو گرفتار نہ کیے جانے کی یقین دہانی کے بعد محصور پولیس اہلکاروں کو با حفاظت نکال لیا گیا۔ رہائی کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے ایس ایچ اوپیر آباد پرویز گجر نے بتایا کہ انھیں یرغمال نہیں بنایا گیا تھا بلکہ علاقہ مکینوں سے ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے وہ اور ان کے ساتھی مسجد میں چلے گئے تھے۔