3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:6
لاہور میں ڈینگی نے مزید 6 افراد کی جان لے لی
جنگ نیوز -
لاہور …لاہور میں ڈینگی وائرس سے آج 4 خواتین سمیت مزید 6 افراد لقمہ اجل بن گئے، ڈینگی بخار کے باعث مرنے والوں کی تعداد لاہور میں 137جبکہ پنجاب میں 150 ہو گئی ہے۔ڈینگی وائرس نے لاہور میں مزید کئی زندگیاں نگل لیں۔ آج 4 خواتین سمیت 6 افراد اس وائرس کا شکار ہو گئے۔ چمڑہ منڈی کی 35 سالہ فرحت،ٹاوٴن شپ کی 27 سالہ زبیریہ،گوجرانوالہ کی چھبیس سالہ شکیلہ، شاد باغ کا بیالیس سالہ صفدر خان،بند روڈ کی 60 سالہ رفاقت بی بی اور بند روڈ کا چودہ سالہ ارسلان ڈینگی بخار کے باعث دم توڑ گئے۔لاہور کے اسپتالوں میں تیز بخار میں مبتلا افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے باعث ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ڈینگی کی ٹریننگ کے لئے ڈیڑھ سو ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو سری لنکا، تھائی لینڈ اور سنگا پور بھیجا جائے گا۔ ادھر انڈونیشیا کے طبی ماہرین آج بھی مختلف اسپتالوں کا دورہ کریں گے اور ڈاکٹروں کو ڈینگی وائرس کے حوالے سے علاج معالجے میں مدد فراہم کریں گے۔