3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:18
اقوام متحدہ کا ایشیائی ممالک میں متاثرین سیلاب کی حالت پر اظہار تشویش
جنگ نیوز -
نیویارک…جنگ نیوز… اقوام متحدہ نے ایشیائی ملکوں میں سیلاب سے متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکومتوں پر زور دیا کہ وہ قدرتی آفات میں کمی لانے والے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل اسٹریٹجی فار ڈیزاسٹر ری ڈکشن کی خصوصی نمائندہ مارگریٹا والسٹرام نے کہا کہ پاکستان، فلپائن، بھارت، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں ہزاروں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انسانی جانوں کو بچانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور ہمارے پاس ٹیکنالوجی موجود ہے جس سے لوگوں کو سیلاب کے بارے میں پہلے باخبر کیا جا سکتا ہے اور لوگوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکتا ہے جس سے سینکڑوں جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو دوسرے سال متواتر شدید سیلاب کا سامنا ہے۔ خوراک کے عالمی پروگرام کے مطابق سیلاب سے 54 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں جبکہ 73 فیصد فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوئی ہیں۔ اسی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 36 فیصد مال مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کے ترجمان گیلے سوینئر کے مطابق پروگرام نے متاثرہ علاقوں میں چار لاکھ 90 ہزار افراد کو سات ہزار ٹن کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی ہیں اور وہ 50 لاکھ افراد تک خوراک پہنچانے کی کوشسیں کر رہا ہے۔