3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:18
پہلے ہی کہہ دیا تھا،زرداری جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں، نوازشریف
جنگ نیوز -
اسلام آباد…مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے صدر آصف زرداری کو جمہوریت کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی قرارداد پر عمل کرلیاجاتا تو آج سیکیورٹی کے موجودہ مسائل درپیش نہ ہوتے، انہوں نے کہاہے کہ حکومت مخالف احتجاج میں مسلم لیگ ن ، عوام کا ساتھ دے گی ۔نوازشریف نے اسلام آباد میں اپنی جماعت کی نومنتخب سینٹرل ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ملک پر دباوٴ بڑھانے کا مستقل سلسلہ جاری ہے ،پاکستان آج عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوتا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ دباوٴ کے وقت حکومت ، پارلیمنٹ سے قرارداد لے آتی ہے، اُس کے بعد کسی کو خاطر میں نہیں لایاجاتا، باہر کشکول لے جاتے ہیں تو پھر خود مختاری کی بات کیسے کی جاتی ہے۔ نوازشریف نے کہاکہ سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے حکومت نے خود کچھ نہیں کیا ، ہم نے بیرونی امداد لینے میں اپنا اعتماد خود ہی ختم کیا ہے،نوازشریف کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کا احترام نہیں کیا گیا، کرپٹ افراد کو سزائیں معاف کرکے اُنہیں وفاقی وزیر بنادیاگیا، بجلی کا بدترین بحران ہے، حکمران بے حس بنے بیٹھے ہیں اور ملک شرمناک انداز میں چلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی بحران کے خلاف عوامی احتجاج میں مسلم لیگ ن ساتھ دے گی، نوازشریف نے کہا کہ گزشتہ بارہ برس میں سرکاری سطح پر بدانتظامی اور بدعنوانی سے ملک کو ایک ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ ملک پر قرض 3 کھرب روپے سے بڑھ کر بارہ کھرب روپے ہوگیاہے۔