تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 10:33

تحفظات کے باوجود چار فریقی گروپ منصوبہ تسلیم کرتے ہیں، اسرائیل

جنگ نیوز -
مقبوضہ بیت المقدس…جنگ نیوز… اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں عالمی منصوبے کو کچھ تحفظات کے ساتھ تسلیم کرتا ہے، ادھر اعلی فلسطینی عہدیدار صائب عرکات نے صیہونی وزیراعظم نے منصوبے کو تسلیم کرنے کا اعلان کرکے بین الاقوامی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کو شش کی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز صیہونی وزیراعظم بنیامین نتین یاہونے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل چار فریقی گروپ کی طرف سے کیے گئے اِس مطالبے کا خیرمقدم کرتا ہے جس میں طرفین سے کہا گیا ہے کہ وہ بغیرپیشگی شرائط کے براہِ راست مذاکرات کریں۔نتین یاہو نے یہ بھی کہا کہ منصوبے کے بارے میں اسرائیل کو کچھ تشویش ہے جسے وہ کسی مناسب وقت پر اٹھائے گا۔ تاہم انہوں نے اِس بات کی وضاحت نہیں کی۔دوسری جانب اعلیٰ فلسطینی عہدیدار، صائب عرکات نے صیہونی وزیراعظم نے منصوبے کو تسلیم کرنے کا اعلان کرکے بین الاقوامی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کو شش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار فریقی گروپ کے بیان میں مذاکرات سے قبل اسرائیل سے کہا گیا ہے کہ وہ کئی ایک باتوں کو تسلیم کرے۔عرکات نے ان پرانے مطالبات کو دہرایاکہ اسرائیل مقبوضہ زمین پر بستیوں کی تعمیر کے کام کو روکے جسے فلسطینی اپنی ریاست کے لیے حاصل کرنا چاہتے ہیں اور 1967 کی سرحدوں کو فلسطینی ریاست کی سرحدیں تسلیم کرے۔ اسرائیل نے اِن مطالبوں کو امن مذاکرات کے شرائط کے طور پر ماننے سے انکار کیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.