تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 16:31

جواب چاہیے کہ 7500میگاواٹ کی کمی کیوں ہوئی ،چوہدری نثار

جنگ نیوز -


اسلام آباد . . . . . . قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ایک آفت کی طرح ملک پر مسلط ہے، حکومت سے جواب چاہیے کہ ساڑھے سات ہزار میگا واٹ کی کمی کیوں ہوئی بے حسی کی انتہا ہو چکی، اتنی بے مقصد پارلیمنٹ تو مشرف دور میں بھی نہیں دیکھی۔قومی اسمبلی کے اجلاس کی معمول کی کارروائی معطل کر کے لوڈ شیڈنگ اورمہنگائی کے ایشوز پر بحث کرائی گئی جس میں حصہ لیتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ تین برس سے ایوان میں صرف بحث ہورہی ہے ، کسی قرارداد پر عمل کیا گیا نہ ہی حکومت نے کوئی بڑے فیصلے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے سات ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی کیوں ہوئی،ذمہ دار کون ہے ،اس کا جواب چاہیئے، وزیراعظم کی روایتی تقریر نہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ تین نکات کے جواب چاہئیں ورنہ ایوان میں نہیں بیٹھیں گے۔ پہلا نکتہ یہ کہ لوڈ شیڈنگ میں بہتری کے لیے ٹائم فریم بتایا جائے،ٹائم فریم نہ دیا گیا تو عوام کے ساتھ احتجاج کریں گے۔ دوسرا نکتہ یہ کہ اے پی سی پر پارلیمانی کمیٹی کب بن رہی ہے؟ اور تیسرا یہ کہ کراچی میں قتل و غارت گری کے حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ اگر اس اسمبلی میں رہنا ہے تو حکومت کو جوابدہ ہونا پڑے گا، اس کے بغیر حکومت چل سکتی ہے نہ اسمبلی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ڈوب رہا تھا تو صدر زرداری ایک دن کے فوٹو سیشن کے بعد برطانیہ چلے گئے، صدر زرداری کے دست راست نے قرآن سر پر رکھ کر ملکی سیکیورٹی کے حوالے سے سنگین الزامات عائد کیے،کسی مہذب ملک میں ایسے الزامات لگتے تو حکومت چلی جاتی، پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس بلانا ہو تو حکومت اے پی سی بلا لیتی ہے ،پارلیمنٹ کو بے مقصد بنا دیا گیا ہے، ایسی بے مقصدیت مشرف دور میں بھی نہیں دیکھی۔ا ے پی سی میں ان لوگوں کو بھی بلایا گیا جنہیں گھر والے بھی ووٹ نہیں دیتے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.