4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 10:45
ملک بھر میں16گھنٹے لوڈشیڈنگ،متعدد شہروں میں مظاہرے
جنگ نیوز -
کراچی/گوجرانوالہ… ملک کے مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف پرتشدد احتجاج جاری ہے۔ کراچی کے علاقے ملیر کھوکرا پار مدینہ کالونی میں بجلی کے تعطل کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی، گوجرانوالہ میں لوڈشیڈنگ کیخلاف تاجروں کی شٹراڈاوٴن ہڑتال آج بھی جاری ہے ، ادھر جعفرآباد میں لوڈشیڈنگ سے رائس ملیں بند ہونے سے ہزاروں افراد بے روزگارہوگئے ہیں ، مسلسل لوڈشیڈنگ سے عوامی احتجاج میں بھی شدت آرہی ہے ، چارسدہ میں مشتعل مظاہرین نے واپڈا کے دفتر کو آگ لگادی ،گوجرانوالہ میں لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجروں کی شٹرڈاوٴن ہڑتال جاری ہے، شہر کے تمام بازار بند ہیں ،،ڈسٹرکٹ بارکے وکلا نے بھی عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیاہے۔ گذشتہ روز کے پْرتشدد مظاہروں کے باوجود لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہیں ہوا ہے،گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اور تاجر تنظیموں کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق لوڈشیڈنگ جاری رہی تواحتجاجاً بجلی کے بل ادا نہیں کیے جائیں گے۔ ملتان، جھنگ، چنیوٹ ، سیالکوٹ، بہاول پوراور سرگودھا سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع کے شہری علاقوں میں 12اور دیہی علاقوں میں 16گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ،، فیصل آباد، چیچہ وطنی اور وہاڑی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ خیبرپختون خوا میں کوہاٹ ، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویڑن سمیت فاٹا میں 14 سے 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ سے پینے کے پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے، چارسدہ کے تنگی بازار میں مشتعل مظاہرین نے واپڈا کے دفتر کو آگ لگادی۔ بلوچستان کے ضلع جعفرآباد اور نصیرآباد میں طویل لوڈشیڈنگ سے رائس ملیں بند ہوگئی ہیں ،جس سے روزانہ اجرت پر کام کرنیوالے ہزاروں مزدور بے روزگار ہیں۔ سندھ میں حیدرآباد ، جامشورو، کوٹری سمیت اندرون سندھ کے شہری علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے اور دیہات میں 16 سے 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔