4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 12:18
پاکستان میں شرح خواندگی 58.5 فیصد ہوگئی، سروے رپورٹ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…جنگ نیوز…آبادی کے لحاظ سے دنیا کے چھٹے بڑے ملک پاکستان میں شرح خواندگی 58.5 فیصد ہوگئی جبکہ ملک میں تمام طلبہ کی تعداد 4 کروڑ کے لگ بھگ اور جامعات کی تعداد 132 جب کہ بنیادی پرائمری سکولز کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار سے زائد ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی سال 2010- 2011 کی لیبر فورس سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دیہی علاقوں کی نصف آبادی تاحال تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہے ، دیہی علاقوں میں مردوں میں خواندگی کی شرح64.5 فیصد اور شہری علاقوں میں یہ تعداد 80.5ہے جبکہ دیہی خواتین میں خواندگی کی شرح 35.6 اور شہروں میں 66.4فیصد ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھرکے مردوں میں خواندگی کی شرح 70 فیصد سے زائد ہے جبکہ خواتین میں خواندگی کی شرح 46 فیصد سے زیادہ ہے پاکستان کے اندر دیہات میں خواندگی کی شرح 50 فیصد سے زیادہ جبکہ شہروں میں یہ شرح 74 فیصد تک ہے۔لیبر فورس سروے میں بتایا گیا ہے کہ33 فیصد کے قریب پاکستانی آبادی اقتصادی سرگرمیوں میں براہ راست شرکت کرتا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں 34 فیصد سے زائد اور شہروں میں 30 فیصد افراد اقتصادی سرگرمیوں میں شریک ہوتے ہیں۔پاکستان کے49.3 فیصد مرد اور17 فیصد کے قریب خواتین اقتصادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں جبکہ شہری علاقوں کی خواتین کے مقابلے میں دیہی خواتین اقتصادی سرگرمیوں میں زیادہ شامل ہوتی ہیں اور یوں اقتصادی کاموں میں گاوٴں کی19 فیصد سے زائد جبکہ شہروں کی8 فیصد خواتین شامل ہوتی ہیں۔سروے میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں افرادی قوت کا 45 فیصد سے زائد حصہ زراعت، 22 فیصد تک صنعت اور 34 فیصد کے قریب خدمات کے شعبہ سے وابستہ ہے ، پاکستان اس وقت آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے اور اس کی آبادی 18 کروڑ تک بتائی جاتی ہے جب ہ آنے والے 14 برسوں میں پاکستان معاشی لحاظ سے دنیا کا 28 واں بڑا ملک ہوگا۔