4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 12:18
کوئٹہ میں دہشت گردی، ہلاکتوں کی تعداد14ہوگئی
جنگ نیوز -
کوئٹہ… کوئٹہ کے علاقے اخترآباد میں بس پر فائرنگ کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق ایک منی بس 20سے30 مسافروں کو بروری روڈ سے کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں واقع سبزی منڈی جارہی تھی کہ ایک پک اپ میں سوار تین مسلح افراد نے گاڑی کو اخترآباد کے قریب زبردستی روک لیا، تین میں سے دومسلح افراد نے منی بس میں داخل ہوکر مسافروں پر اندھادھندفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چودہ افراد جاں بحق اورچھ زخمی ہوگئے، مسلح افراد فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، بعد میں اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیاگیا، واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد اور زخ?میوں کوبی ایم سی ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا، جن میں سے تین زخ?میوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے،واقعہ میں جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق ہزارہ قوم سے ہے جو کہ سبزی فروش بتائے جاتے ہیں اور سبزی لینے کے لئے ہی ہزار گنجی جارہے تھے، واقعہ کے بعدمشتعل افراد نے ہزارہ ٹاون کے قریب بائی پاس روڈ پراحتجاج کیا اور بروری روڈ بلاک کردیا، مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ، اسی دوران مشتعل مظاہرین نے بی ایم سی کے احاطے میں کھڑی منی بس کو آگ لگادی، واقعہ کی ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی، تحفظ عزاداری کونسل،شعیہ علما کونسل، ہزارہ خواتین ونگ اور متحدہ قومی موومنٹ کوئٹہ زون نے شدید مذمت کی جبکہ شیعہ علماء کونسل کی جانب سے واقعہ کے خلاف تین روزہ سوگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے، دوسری جانب گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی اور وزیراعلی نواب اسلم رئیسانی نے اخترآباد واقعہ کی شدید مذمت کی ہے، وزیراعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے فرائض سے غفلت برتنے پر ایس ایچ او شالکوٹ کو معطل کردیا جبکہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کرکے تیرہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔