4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 12:18
وزارت سے استعفیٰ دیدیا ، نشست تبدیل کی جائے، انجینئر امیر مقام
جنگ نیوز -
اسلام آباد…جنگ نیوز… وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دیدیا تھا اس لئے ان کی نشست تبدیل کی جائے جس پرا سپیکر نے کہا کہ استعفیٰ منظور ہونے کی سرکاری اطلاع آنے پر آپ کی نشست تبدیل کر دی جائے گی۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سوات اور مالاکنڈ میں حالات ایک مرتبہ پھر خراب ہو رہے ہیں وہاں سے فوج واپس نہ بلائی جائے۔ اگر فوج کی تعداد کم کی گئی تو ہماری تمام قربانیاں ضائع چلی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگیاں اجیرن کر دی ہیں، ایم ڈی پیپکو اور چیئرمین و اپڈا کسی کی بات ہی نہیں سنتے۔ اگر ہمارے مسائل حل نہ ہوئے اور ہماری بات نہ سنی گئی تو ہم مصلحتوں کو نظر انداز کر کے احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزارت سے استعفیٰ دیدیا تھا میری نشست تبدیل کی جائے۔ سپیکر نے کہا کہ آپ کا استعفیٰ منظور ہونے کی سرکاری طور پر اطلاع جب ملے گی تو نشست تبدیل کر دی جائے گی۔