تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 13:56

قومی اسمبلی: لوڈشیڈنگ کے خلاف اپوزیشن کا واک آوٴٹ

جنگ نیوز -


اسلام آباد...مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی سے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجاًواک آؤٹ کیا ۔ منگل کو قومی اسمبلی میں لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل پرگزشتہ روز سے جاری بحث کا آغاز کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک اس وقت بحرانی کیفیت میں مبتلا ہے، تمام قومی ادارے مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لائن لاسز سب سے کم ہیں مگر اس کے باوجود ہمیں رگڑا دیا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب کے لوگ تنگ آ کر باہر نکلے ہیں۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث ڈینگی مچھرسے پھیلنے والے وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسپتالوں کی قیمتی مشینری وولٹیج میں کمی کے باعث جل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک انارکی کی طرف بڑھ رہا ہے، ہمارے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں کہ اس احتجاج کو پرامن بنانے کیلئے لوگوں کو قیادت فراہم کی جائے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر پتھراؤ نہ ہو اور سرکاری املاک کا جلاؤ گھیراؤ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ لوگ تنگ آ کر سول نافرمانی کی طرف بڑھ رہے ہیں ہم سڑکوں پر نکلیں گے اور پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے۔ ہم نے جمہوریت کی خاطر فرینڈلی اپوزیشن کا طعنہ برداشت کیا اب مزید صبر نہیں کرینگے کیونکہ اس طرح کی جمہوریت عوام کی مشکلات کم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے تھا کہ اے پی سی سے قبل ملک کی سیاسی قیادت کو فرداً فرداً اعتماد میں لیتی اگر حالات یہی رہے تو جمہوری روایات کو نقصان پہنچے گا۔ ان حالات میں مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ عوامی مسائل کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس اور ایوان صدر کے سامنے احتجاج کرینگے۔ اس کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن جماعتوں کے دیگر ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ بعض ارکان نے ایوان سے جاتے وقت لوڈ شیڈنگ کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.