4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:7
وزارت پٹرولیم کو11 ارب جاری،نیشنل گرڈ میں 3ہزارمیگاواٹ بجلی شامل
جنگ نیوز -
اسلام آباد...وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی ہدایات پر وزارت خزانہ نے وزارت پٹرولیم کو گیارہ ارب روپے جاری کردیئے ہیں، جس کے نتیجے میں نیشنل گرڈ اسٹیشن میں تین ہزارمیگاواٹ بجلی شامل ہوگئی ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملک بھر میں لوڈشیڈنگ میں شدید اضافے اور عوامی احتجاج کے بعد وزیر اعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایات دی تھیں کہ وزارت پٹرولیم کوفوری طور پر11 ارب روپے جاری کئے جائیں۔ نیشنل گرڈ میں 3 ہزار میگاواٹ مزیدبجلی شامل ہونے سے لوڈشیڈنگ میں کمی واقع ہو گی۔گزشتہ روز وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر نے قومی اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ وفاقی وزارت خزانہ نے حبکو اور پیپکوکو 11 ارب روپے جاری کئے ہیں جس سے بجلی کی پیداواردوہزارمیگاواٹ بڑھ جائیگی لیکن آج وزیراعظم ہاوس سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ بجلی کی پیداوارتین ہزارمیگاواٹ بڑھ گئی ہے۔