5 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 7:7
چوہدری شجاعت آج صدر زرداری سے ملاقات کریں گے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین آج صدر زرداری سے ملاقات کریں گے۔پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین آج صدر زرداری سے ملاقات میں انہیں لیگی وزراء کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ اسلام آباد میں سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین صدر کو آگاہ کریں گے کہ مسلم لیگی وزراء سے امتیازی سلوک ہو رہا ہے۔ مسلم لیگی وزراء نے چوہدری شجاعت حسین کو استعفے پیش کرتے ہوئے چار طرح کے تحفظات سے آگاہ کیا تھا کہ انہیں (وزراء کو) اختیارات حاصل نہیں۔ ترقیاتی فنڈز محدود ہیں،پنجاب میں نئے صوبے نہیں بنائے گئے اور کئے گئے وعدوں پر عمل نہیں ہوا۔ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کی آج بدھ کو صدر زرداری سے ملاقات طے ہوئی ہے۔ مسلم لیگی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت میں آنے کے بعد مسلم لیگ (ق) ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے کیونکہ ایک طرف عوامی مسائل کا دباوٴ ہے اور لوڈشیڈنگ کے ستائے لوگ سڑکوں پر ہیں اور بدترین لوڈشیڈنگ حکومت کی خود غرضانہ حکمت عملی اور نااہلی کا نتیجہ ہے، ساڑھے تین سال اقتدار کے مزے لوٹنے کے بعد حکومت کسی اور کو مورد الزام نہیں ٹھہرا سکتی۔