5 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 11:57
افغانستان: امن وامان کی صورتحال خطرناک حد تک خراب ہوچکی،ریڈ کراس
جنگ نیوز -
کابل…جنگ نیوز…عالمی امدادی تنظیم ریڈ کراس نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن وامان کی صورتحال خطرناک حد تک خراب ہوچکی ہے جس کی وجہ سے عوام کو صحت کی سہولیات اور ضروریات زندگی کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جنوبی ایشیا کیلئے ریڈ کراس کے ہیڈآف آپریشنز جیکوس ڈی میئو نے کہا ہے کہ افغانستان میں گذشتہ دہائیوں کی نسبت بعض علاقوں میں معیار زندگی میں بہتری آئی ہے تو دوسری طرف امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہوگئی ہے، جنگ سے متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کی صورتحال اتنہائی خراب ہے ۔ مقامی ڈاکٹر اپنے اسپتال بند کرچکے ہیں۔افغانستان میں جنگ شروع ہوئے رواں ماہ دس سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق افغانستان میں گذشتہ سال کی نسبت حملوں اور لڑائی کے واقعات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، مشتبہ طالبان اورنیٹو ، افغان اورامریکی فوجیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 1462 افغان شہری ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے 79 ہوائی حملوں میں مارے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت کابل کے قریبی صوبوں وردگ اور لوگر میں بھی کوئی اپنے آپ کو محفوظ تصور نہیں کرتا۔ طالبان نے اگست میں امریکی کاپٹر گرا دیا گیا جس میں 30 امریکی سیلرز مارے گئے ۔طالبان نے وردگ میں حملہ کرکے 77 امریکی فوجیوں کو زخمی کردیا، وردگ اور لوگر صوبوں کے شہری یہ سوچنے کیلئے مجبور ہیں کہ وہ ان حملوں سے بچنے کیلئے کیا طریقہ کار اختیار کریں۔