5 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 19:57
کراچی میں قبضہ مافیا سے 200ایکڑ زمین واگزار کرالی گئی
جنگ نیوز -
کراچی...کراچی میں لینڈ مافیا کے خلاف انسداد تجاوزات سیل کی کارروائیاں جاری ہیں، بدھ کو سپر ہائی وے پر کارروائی کرتے ہوئے 200 ایکڑ سرکاری زمین قبضہ مافیا سے خالی کرالی گئی۔کراچی کے مختلف علاقوں میں قبضہ کی گئی ہزاروں ایکڑ سرکاری زمین کو واگزار کرانے کیلئے اینٹی انکروچمنٹ سیل کی ریونیو ڈپارٹمنٹ کے ہمراہ مہم جاری ہے، بدھ کو سپر ہائی وے پر کاٹھور کے مقام پرقبضہ کی گئی 200 ایکڑ سرکاری اراضی سے قبضہ چھڑانیکی کارروائی شروع کی گئی تواینٹی انکروچمنٹ سیل کو کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ بلڈوزر کے ذریعے ناجائز تعمیرات کو گرایا جاتا رہا اور سرکاری زمین واگزار کرالی گئی۔ رواں مہم میں اب تک ساڑھے چار ارب روپے مالیت کی 400 ایکڑ سے زائد کی زمین خالی کرائی جا چکی ہے اور اس دوران پولیس کونا تومزاحمت کا سامنا کرنا پڑا نہ ہی اب تک کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ماہرین کے مطابق قبضہ کی گئی سرکاری زمین سے پولیس کی مدد سے قبضہ تو خالی کرا لیا جاتا ہے تاہم اس پر دوبارہ قبضہ نہ ہونے دینے کے لیے بھی موٴثر حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔