6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 3:31
افغان بھارت اسٹریٹجک ڈیل :پاک امریکا کشیدگی میں اضافے کا خدشہ
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... اوباما انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ افغان بھارت اسٹریٹجک ڈیل ، پاک امریکا کشیدگی کا سبب بن سکتی ہے۔ امریکا خصوصی نمائندے مارک گراسمین چند روز میں اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، جس میں طالبان اور حقانی نیٹ ورک سمیت اہم معاملات پر پاکستانی انتظامیہ کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی جائے گی۔ واشنگٹن میں ذرائع نے جیونیوز کو بتایا کہ مارک گراسمین اسلام آباد میں اعلیٰ حکام سے ملیں گے جس میں پاکستان کے اْن تحفظات پر بات ہوگی جو افغانستان میں حالیہ صورت حال کی وجہ سے پیدا ہورہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اوباما انتظامیہ کو یہ بھی خدشہ ہے کہ بھارت اور افغانستان کے درمیان حالیہ اسٹریٹیجک معاہدے کے بعد امریکا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔ امکان ہے کہ مارک گراسمین اس معاملے پر بھی پاکستانی انتظامیہ سے بات کریں گے۔ پاکستان اور افغانستان کیلئے خصوصی نمائندے مارک گراسمین وسط ایشیائی ملکوں کا بھی دورہ کریں گے جس کا مقصد افغانستان میں اتحادی فوج کو سپلائی کی فراہمی کیلئے نئے راستے نکالنے پر بات ہوگی۔