6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 14:8
ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ بلاامتیاز کارروائی کریں، چیف جسٹس
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کراچی کے شہریوں کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی،ڈی جی رینجرز اورآئی جی سندھ بلاامتیازکارروائی کریں ،فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ فوج بلانے کے معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں دے رہی ،فوج بلانے کا فیصلہ صوبائی حکومت کو کرنا ہے ،کوئی سیاسی جماعت ملک کے مفاد کیخلاف کام کررہی ہے تو وفاق سپریم کورٹ کو ریفرنس بھیجے،چیف جسٹس نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پولیس کو سیاست سے پاک کیاجائے ،صوبائی اور وفاقی حکومت آئین کے تحت مسائل حل کریں ،کرا چی میں حالیہ تشدد انتہائی بھیانک ہے،حکومت کراچی کے شہریوں کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے،صوبائی اور وفاقی حکومت آئین کے تحت مسائل حل کرے،اسلحے کی نمائش پر پابندی ہونی چاہیے ، کراچی کو ہر طرح کے اسلحے سے پاک کرنے کیلیے اقدامات کیے جائیں ،اسلحہ لائسنس نادرا کے ذریعے جاری کیے جائیں ،کوئی پارٹی آرٹیکل17کی خلاف ورزی کرے تو حکومت اس کے خلاف کارروائی کرے ،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائے ، جو پولیس اور رینجرز کی کارروائی مانیٹر کرے،انسداد دہشت گردی کی علدالتوں میں فوری طور پر جج تعینات کیے جائیں ،اور میرٹ پر پراسیکیوٹرز کا تعین کیا جائے ،وفاقی اور صوبائی حکومتیں شہریوں کی جائیداد کے نقصان کا سروے کرائیں ،لینڈ مافیا ورقبضہ مافیا کے خلاف موٴثر قانون سازی کی جائے ،ایک ماہ میں 92اور 96آپریشن میں مارے گئے اور لاپتہ افسران سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے ،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیاں اس طرح کی جائیں کہ تمام کمیونٹی کے افراد کو برابر کے مواقع ملیں ،چیف جسٹس نے کہا کہ پیپلزپارٹی ،ایم کیوایم اور اے این پی کے خلاف شکایتیں عدالتی دائرہ کار میں نہیں آتیں ،کراچی میں تشدد محض لسانی نہیں مختلف گروپس کررہے ہیں ،چیف جسٹس نے کہا کہ بتایا گیا ہے کہ ایم کیوایم ،اے این پی ،پیپلزپارٹی ،سنی تحریک اورجماعت اسلامی سمیت کالعدم تنظیمیں بھی بھتا خوری میں ملوث ہیں ،چیف جسٹس نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر نے بتایا کہ اداروں میں سیاسی تقرریوں کے باعث صورتحال انتہائی خراب ہے،چند سیاسی عناصر نے صورتحال خراب ہونے کا فائدہ اٹھایا،چیف جسٹس نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ بنیادی حقوق کا تحفظ کرے، امن و امان اور معاشی ترقی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔