6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 18:8
پشاور:ایس ایچ او اکوڑہ خٹک پولیس اسٹیشن کیخلاف کارروائی کا حکم
جنگ نیوز -
پشاور …پشاور ہائی کورٹ نے ایک شہری کو حبس بے جا میں رکھنے کے الزام ثابت ہونے پر اکوڑہ خٹک پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔رسالپور کے سہیل نامی شہری کی درخواست کی سماعت ہائی کورٹ کے جسٹس دوست محمد اور نثار حسین نے کی،جس میں اکوڑہ خٹک تھانے کے ایس ایچ او اجمیر شاہ پر الزام ہے کہ انہوں نے پانچ اگست کو اسے گرفتار کرکے تقریبا د وماہ تک حبس بے جا میں رکھا جبکہ درخواست گزار سے پولیس نے پانچ لاکھ روپے دینے کا بھی مطالبہ کیا تھا،تاہم ہائی کورٹ کی مداخلت پر اسے 29ستمبر کو رہا کر دیا گیا۔ اس پر عدالت نے حکم دیا کہ متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔ ہائی کورٹ نے محکمہ انسداد رشوت ستانی کو بھی حکم دیا کہ اجمیر شاہ کے اثاثوں کی چھان بین کی جائے اور رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔