7 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:9
حکومت مسائل حل کرنے کی بجائے وسائل ضائع کر رہی ہے،نواز شریف
جنگ نیوز -
سکرنڈ… مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف نے کہا کہ عوام کا پیسہ حکومت کی شاہ خرچیوں پر خرچ ہوتاہے۔ عوام کو ان کا حق دلوانے کے لئے سندھ آیا ہوں۔ سکرنڈ میں مسلم لیگی رہنما اصغر رند کی رہائشگاہ پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ سیلاب میں کتنے ہی لوگ ڈوب گئے کیا کسی نے پوچھا۔انہوں نے کہا کہ بارش سے جن کے گھر متاثر ہوئے انھیں ایک ایک لاکھ روپے دیے جانے چاہیے۔میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب سے آپ کو حق دلوانے کے لیے یہاں آیا ہوں اورانتخابات میں بھی آپ کیلیے جنگ کروں گا ۔ اس سے پہلے دولت پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں نے سیاست میں آتے ہی ماردھاڑ شروع کی حکومت ان کیخلاف ریفرنس بھیج سکتی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ امن کے مسئلے میں سیاست نہیں کرنی چاہیے۔۔دہشتگردی میں ملوث جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ امن تباہ کرنے والے ملک کی کیا خدمت کریں گے،، نواز شریف نے کہاکہ پاکستان کی اندرونی وبیرونی پالیسیوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔حکومت کوعوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں،،کرپشن کاپیسہ واپس کرنیوالے آج بھی بڑے عہدوں پرفائز ہیں۔