8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:33
اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل: لندن میں سماعت پیر تک ملتوی
جنگ نیوز -
لندن...لندن کے کراوٴن کورٹ نے کرکٹ کرپشن کیس کی سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کردی، استغاثہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مظہرمجید 7 پاکستانی کرکٹرز کو اپناساتھی قراردے چکا ہے ۔سماعت کے تیسرے روزاستغاثہ نے عدالت کو مظہر مجید اور کھلاڑیوں کے درمیان ٹیلی فون اور ایس ایم ایس پر ہونیوالی گفتگو کے شواہد پیش کیے۔استغاثہ کے وکیل نے کہا کہ سلمان بٹ نے مظہرمجیدکے کہنے پرمیڈن اوورکھیلنے کا اقرار کیا تھا۔ مظہرمجید نے نیوزآف دی ورلڈ کے صحافی کو بتایا کہ پاکستان کے سات کھلاڑی سلمان بٹ، محمد عامر، محمد آصف، کامران اکمل، عمراکمل، وہاب ریاض اورعمران فرحت اس کی مٹھی میں ہیں۔ استغاثہ نے کہاکہ نیوز آف دی ورلڈ کی دی ہوئی رقم کے نوٹ سلمان بٹ اورمحمدعامر کے پاس سے برآمد ہوئے۔سلمان بٹ نے پولس کو بتایاکہ انہیں مظہرمجید نے اسپانسرشپ کے14ہزارپاوٴنڈز دیے ہیں۔استغاثہ کے دلائل مکمل ہونے کے بعدآئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سابق سربراہ روی سوانی نے بیان ریکارڈ کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اوربھارت کے میچ پر بھاری رقوم کی شرطیں لگائی جاتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل میچز پرزیادہ ترشرطیں ممبئی اوردبئی میں لگائی جاتی ہیں۔آخر میں وکیل صفائی نے روی سوانی سے جرح کاآغاز کیا۔جس کے بعدعدالت نے سماعت پیرتک ملتوی کردی۔