8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:33
کراچی میں تھانے داروں کی تعیناتی پر وزیرداخلہ اور پولیس چیف الجھ پڑے
جنگ نیوز -
کراچی… وزیر داخلہ سندھ منظور وسان اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سعود مرزا اجلاس کے دوران ایک دوسرے سے الجھ پڑے۔ سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا،وجہ تھی پولیس افسران کے بار بار تبادلے۔وزیرداخلہ سندھ منظوروسان کی صدارت میں امن و امان کی صورتحال پر بلائے گئے اجلاس کا ماحول اس وقت اچانک کشیدہ ہو گیا جب منظور وسان نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سعود مرزا سے پوچھا کہ ایس ایچ اوز کے تبادلے بار بار کیوں کیے جا رہے ہیں ، ایڈیشنل آئی جی نے جواب میں کہا کہ ایس ایچ او کے تبادلے کرنا ان کا اختیار ہے۔اس پر وزیر داخلہ سندھ کہا کہ ہر دوسرے دن تھانے دار بدلے گا تو امن کیسے سے قائم ہو گا۔ سعود مرزا بولے کہ اگر آپ چاہیں تو انہیں ہٹوا دیں یاتبادلہ کر دیں۔ اجلاس میں موجود افسران ایڈیشنل آئی جی کو خاموش کرانے کی کوششمیں کرتے رہے۔