8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:33
2005زلزلہ، جاں بحق افراد کی یاد میں دعائیہ تقریب
جنگ نیوز -
مظفرآباد…آٹھ اکتوبر دو ہزار پانچ کے زلزلے کو آج چھ سال مکمل ہوگئے ہیں۔آزاد کشمیر حکومت نے زلزلے کے چھ سال مکمل ہونے پر آج عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر یونی ورسٹی میں صبح 8 بج کر 52 دعائیہ تقریب سے ہوئی۔ اس موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، بعد ازاں شہداء کی یاد گار پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔لوگوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری بھی دی۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی متاثرین کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لئے مظفرآباد کا دورہ کریں گے۔ اور کئی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم دورے کے دوران آزاد کشمیر میں تعمیر نو کے سات منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور الشفاء انٹرنیشنل آئی اسپتال کے ساتھ آزاد کشمیر کے پہلے میڈیکل کالج کا افتتاح بھی کریں گے۔ ادھر باغ اور مظفرآباد میں تعمیر نو کے منصوبے عملاً ختم کرنے کے خلاف تاجروں کا احتجاج آج بھی جاری ہے۔ تاجروں نے اس بات کا عزم کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل تک جد وجہدجاری رکھیں گے۔