9 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 12:10
ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں، آئندہ ورلڈ کپ تک کھیلتا رہوں گا، پیٹرسن
جنگ نیوز -
نئی دہلی…جنگ نیوز… انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز کیون پیٹرسن نے کہا ہے کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور فارم میں ہیں، کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں، 2015ء میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ٹیم کی نمائندگی کرنا اصل ہدف ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ملک کی نمائندگی ان کے لئے اعزاز کی بات ہے تاہم اس بات کی گارنٹی کوئی بھی کھلاڑی نہیں دے سکتا کہ وہ مزید کتنے عرصے تک کرکٹ کو جاری رکھے گا تاہم وہ 2015ء تک کرکٹ کھیلنے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہوم سیریز میں ون ڈے اور اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں شرکت نہ کرنے سے انہیں بہت دکھ ہوا ہے تاہم ٹیم کی فتح پر انہیں بے حد خوش ہوئی اور اب ان کی تمام تر توجہ بھارت کے خلاف رواں ماہ شیڈول ون ڈے سیریز پر مرکوز ہے۔ پیٹرسن نے کہا کہ وہ تینوں طرز کی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور بھارت کے خلاف سیریز میں کوشش ہو گی کہ ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کروں۔