تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:1

مظلوم عائشہ پر دباوٴ کے حربے کھلی ریاستی دہشت گردی ہے، الطاف حسین

جنگ نیوز -


لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک اور گورنر پنجاب عبدالطیف کھوسہ سے SOS بنیاد پر اپیل کی ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے قوم کی بیٹی عائشہ احدملک ، ان کے والدین اور بہن بھائیوں کی غیرقانونی نظربندی اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیوں کو نوٹس لیا جائے اور مظلوم خاندان کو انصاف فراہم کیاجائے ۔ ایک بیان میں الطا ف حسین نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے قوم کی بیٹی عائشہ احدملک اور ان کے اہل خانہ کوغیراعلانیہ طور پرنہ صرف گھر میں نظربندکردیا گیا ہے بلکہ انہیں ایک اعلیٰ سیاسی شخصیت کے صاحبزادے کے خلاف مقدمہ واپس نہ لینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔ الطاف حسین نے رحمان ملک اورگورنر پنجاب عبدالطیف کھوسہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ عائشہ احدملک، ان کے والدین اور دیگر اہل خانہ کو فی الفور تحفظ فراہم کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حکومت پنجاب ،مظلوم خاندان کے کسی بھی فرد کو نہ تو غیرقانونی طور پر نظر بند کرسکے اورنہ ہی انہیں بالواسطہ یا بلاواسطہ دھمکیاں دیکر اپنے اصولی موٴقف سے ہٹانے کیلئے غیرقانونی وغیرآئینی دباوٴ ڈال سکے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے مظلوم عائشہ اور ان کے اہل خانہ پر دباوٴ کے حربے استعمال کرنا کھلی ریاستی دہشت گردی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے لہٰذا حکومت پنجاب کی جانب سے مظلوم خاندان کے خلاف غیرآئینی وغیرقانونی ہتھکنڈوں کے استعمال کا فوری نوٹس لیا جائے اور آئین وقانون کے تحت حکومت پنجاب کے خلاف کارروائی کی جائے ۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.