تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:13

متحدہ کی سندھ حکومت میں شمولیت،9وزرا کے محکموں کا فیصلہ نہیں ہوسکا

جنگ نیوز -


کراچی…سندھ کابینہ میں متحدہ قومی موومنٹ کی دوبارہ شمولیت کے بعد نووزرا کے محکموں کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا وزیراعلیٰ کے پاس متعدد محکمے خالی ہیں ۔ دفاتر کیلئے جگہیں تلاش کی جارہی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ کے چھ معاونین خصوصی سے دفاتر چھوڑنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔سندھ کابینہ میں وزراء کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے اور متحدہ قومی موومنٹ کے پانچ وزراء کو قلمدان دئیے جاچکے ہیں۔ نو وزراء کیلئے محکموں کا تعین ابھی تک نہیں کیا جاسکا ہے۔حکومت سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبہ بندی وترقیات، ورکس اینڈ سروسز، ٹرانسپورٹ، کوآپریٹو، سرمایہ کاری، لینڈ یوٹیلائزیشن، خصوصی اقدامات، سندھ ریونیوبورڈ، نوادرات و آثارقدیمہ، ریلیف، ہاوٴسنگ اور خصوصی ترقیات کے قلمدان خالی ہیں اور وزیراعلیٰ کے پاس ہیں۔دوسری جانب ڈاکٹرذوالفقار مرزا کا اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ اب تک اسپیکر کو موصول نہیں ہوا ان کے لئے بھی وزارت کا آپشن بھی رکھا جارہا ہے۔بعض محکموں کے اضافی چارج بعض وزراء کو دئیے گئے ہیں جبکہ کچھ محکمے غیر اعلانیہ براہ راست ملک کی اعلیٰ شخصیت کے قریبی عزیزوں کے حوالے ہیں جن کے معاملات بلاول ہاوٴس سے چلائے جاتے ہیں اور وہیں کوآپریٹو، لینڈریونیو اور دیگرمحکموں کے اجلاسوں کی سربراہی اعلیٰ شخصیت کے قریبی عزیز کرتے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے چھہ معاونین خصوصی سے دفاتر خالی کرنے کی درخواست کی گئی ہے لیکن تاحال ان کی طرف سے مثبت جواب نہیں دیا گیا ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.