24 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 9:31
کسی کو پارلیمنٹ اور عدالت نہیں توڑنے دیں گے،نواز شریف
جنگ نیوز -
لاہور… مسلم لیگ نے کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی کو پارلیمنٹ اور عدالت نہیں توڑنے دیں گے۔ وہ انجینئرنگ یونیورسٹی کے طلباء کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی بہبود پر توجہ دینی چاہیئے، ہمارے زمانے میں پاکستان کی ترقی کی رفتار تیز تھی اور بھارت ہم سے بجلی خریدنے پر تیار تھا، آج ہم لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں شیر نہیں تو کم از کم گیدڑ بھی نہیں ، اگر گیدڑ ہوتا تو جان ہاتھ ہتھیلی پر رکھ کرلانگ مارچ میں نہ نکلتا۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ میں پاکستان سے محبت کا وعدہ کر چکا ہوں، ملک سے محبت کاوعدہ جیل کی کوٹھری میں کیاتھا اور طے کر لیا تھا کہ ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ صوبے بھر کے طلباء کے لئے ایک لاکھ الیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں اور اگلے بجٹ میں مزید دو لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر نواز شریف نے طلبا سے پاکستان کیلئے حلف لیا۔