24 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 11:15
کسی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کریں گے، اسفندریارولی
جنگ نیوز -
چارسدہ…عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقاء جمہوریت سے وابستہ ہے۔ اے این پی نے کبھی غیر جمہوری اقدام کی حمایت کی ہے نہ آئندہ کرے گی۔اپنے حلقہ نیابت چارسدہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اگر جمہوریت نہ رہی، تو بہت سے لوگ روئیں گے۔ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی پارلیمنٹ میں پیش ہوئے،پارلیمنٹ سے چھینے گئے تمام اختیارات اس کو واپس کر دیئے گئے،جو جمہوریت کی مرہون منت ہے۔ اسفندیار ولی نے کہا کہ تمام ادارے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کریں گے تو ملک میں کوئی بحران پیدا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاست کو خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ بعض لوگوں نے اقتدار میں آکر اپنی جائیدادیں بنائیں، ہم نے عوام کو ان کے بنیادی شہری حقو ق دیئے،اسفندیار ولی نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن کی خاطر پہلے بھی مذاکرات کئے ہیں، اب بھی حکومتی رٹ تسلیم کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔