24 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 19:15
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس نیٹو معاہدوں کے مالی امور کی تفصیلات طلب
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . سیکریٹری دفاع نے امریکا اور نیٹو کے ساتھ 9تحریری معاہدوں کی دستاویزات قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کو پیش کر دیں۔ کمیٹی نے اتحادی افواج سے طے پانے والے معاہدوں کے مالی امور اور اُن کے ملکی معیشت پر اثرات سے متعلق وفاقی وزارت خزانہ کی رائے مانگ لی۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں سینیٹر رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری دفاع خالد نعیم لودھی نے پاکستان کے امریکا اور نیٹو سے ہونے والے 9تحریری معاہدوں کی دستاویزات پیش کیں۔ کمیٹی ذرائع کے مطابق ان میں سے دو معاہدے امریکا اور7 نیٹو فورسز کے ساتھ ہیں۔ ان میں دو معاہدے امریکا اور نیٹو کوسپلائی لائن کی فراہمی سے متعلق ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے کو بریفنگ میں رضاربانی نے بتایاکہ وزارت دفاع نے نیٹو حملے پر پینٹاگون کی عبوری تحقیقاتی رپورٹ سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ امریکا اور نیٹو سے تحریری معاہدوں کی دستاویزات کا جائزہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں لیا جائے گا۔رضا ربانی نے کہاکہ سفیروں کی کانفرنس کی سفارشات، میمو ایشو اور نیٹو حملے پر غورکیلئے کمیٹی کا اجلاس 30 دسمبر کو ہوگاجو سارا دن جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو اور امریکا کے ساتھ معاہدوں کے حوالے سے دفاع اور خارجہ کے علاوہ وفاقی وزارت خزانہ سے بھی رائے طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سب کا موقف سامنے آ جائے۔اُن کا کہنا تھا کہ کمیٹی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اپنی سفارشات جلد مرتب کرکے منظوری کے لیے پارلیمنٹ کو بھیجے گی۔