24 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 19:15
راولپنڈی:عتیقہ اوڈھو کیخلاف شراب برآمدگی کیس کی سماعت
جنگ نیوز -
راولپنڈی . . . . . سول جج راولپنڈی کی عدالت میں اداکارہ عتیقہ اوڈھو کی عدم پیشی پر شراب برآمدگی کیس میں گواہوں کے بیانات قلم بند نہ کیے جاسکے۔عدالت کا کہنا تھا کہ عتیقہ آئندہ سماعت پر ہر صورت حاضر ہوں ورنہ ضمانت منسوخ ہونے پر جیل جانا پڑے گا۔عتیقہ اوڈھو کے خلاف شراب برآمدگی کیس کی سماعت راولپنڈی کے سول جج کی عدالت میں کی گئی۔ عتیقہ اوڈھو کے وکیل نے بتایا کہ ان کی موکل بیمار ہیں اس لیے عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں۔ عدالت میں ان کے میڈیکل سر ٹیفکیٹ بھی پیش کیے گئے۔دو سرکاری گواہ پی آئی اے کی عاصمہ یونس اور محکمہ کسٹم کے انسپکٹر ساجد علی خان عدالت میں پیش ہوئے تاہم ملزمہ کی غیر حاضری کے سبب ان کے بیانات قلم بند نہیں کیے جا سکے۔عدالت کا کہنا تھا کہ عتیقہ اوڈھو آئندہ سماعت پرحاضری یقینی بنائیں،ورنہ ضمانت منسوخ ہونے پر وہ جیل جاسکتی ہیں۔ مقدمے کی مزید سماعت 14جنوری کو کی جائے گی۔