25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 1:53
کراچی:عمران خان کا جلسہ گاہ کا دورہ ،تیاریوں کا جائزہ لیا
جنگ نیوز -
کراچی ... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں جلسہ گاہ کا دورہ کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا۔مگررات گئے جلسہ گاہ کے قریب کھڑی کار میں اچانک آگ لگ گئی۔کراچی میں تحریک انصاف کے جلسے پرملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی نظر ہے۔لاہور کے کامیاب جلسے کے بعد میٹروپولیٹن میں اس جلسے کی کامیابی تحریک انصاف کی اگلی سمت متعین کریگی۔انہی باتوں کومدنظررکھتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے رات گئے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کاجائزہ لیا۔اس موقع پر عمران خان نے ہدایت کی کہ انتظامات میں کوئی کسرنہ چھوڑی جائے۔جلسہ تو دوپہرایک بجے شروع ہوگا مگرسیکڑوں افراد ہفتے کی شب ہی یہاں جمع ہوگئے تھے۔تحریک انصاف کو جس بات کی توقع بھی نہ تھی وہ واقعہ ابھی یہاں پیش آنا تھا۔ جلسہ گاہ کے باہر کھڑی گاڑی میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی۔ یہ گاڑی تحریک انصاف بلوچستان کے جوائنٹ سیکرٹری صدیق یوسف کی تھی۔فائر بریگیڈ کاعملہ تاخیر سے پہنچا اور سی این جی سلنڈر پھٹنے کے خدشے کی وجہ سے قریب کھڑی دوسری گاڑیاں بھی اپنی مدد آپ کے تحت ہٹالی گئیں۔پولیس کے نزدیک گاڑی میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔مزارقائدکے سامنے میدان میں آج ہونے والے اس جلسے میں دواسٹیج بنائے گئے ہیں اور خواتین اورفیمیلزکے لیے علیحدہ انتظام ہے۔جلسہ گاہ کے لئے پانچ پارکنگ لاٹ بنائے گئے ہیں ، اور پارکنگ سے جلسہ گاہ تک لوگوں کو لانے کے لئے 35 گاڑیوں پر مشتمل شٹل سروس بھی چلائی جائے گی۔تجزیہ کاروں کاکہناہے کہ جلسہ کامیاب ہواتوعمران خان کی تحریک انصاف کے لیے اگلامرحلہ اورآسان ہوجائیگا۔