25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 9:31
بھارتی عدالت نے ویب سائٹس پر قابل اعتراض مواد ہٹانے کا حکم دیدیا
جنگ نیوز -
نئی دہلی…جنگ نیوز…بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی ایک عدالت نے 22 سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس کو قابل اعتراض مواد ہٹانے کے لیے 6 فروری تک کی مہلت دی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق عدالت نے مذہب مخالف اور سماج مخالف مواد کو ہٹانے والے حکم کی تعمیل کی رپورٹ دینے کا حکم بھی دیا۔اس سے پہلے ایڈیشنل سول جج مکیش کمار نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کو سمن جاری کیے تھے۔عدالت نے انہیں حکم کی تعمیل کے لیے ڈیڑھ ماہ کا وقت دیا۔عدالت میں بائیس ویب سائٹس میں سے صرف دوکے نمائندے پیش ہوئے۔ ان نمائندوں نے عدالت سے کہا کہ انہیں شکایات کی درخواست اور عدالت کے حکم کی نقل نہیں ملی ہے۔اس پر درخواست گزار مفتی اعجاز ارشد قاسمی کے وکیل نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ کمپنیوں کو درخواست کی کاپی اور دیگر دستاویزات جلد ہی مہیا کر دیں گے۔6 فروری کے بعد ان ویب سائٹس کو عدالت میں بتانا ہوگا کہ عدالتی حکم کے مطابق قابل اعتراض اور منفی مواد ہٹانے کے لیے انہوں نے کیا قدم اٹھائے ہیں۔عدالت نے بیس دسمبر کو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کو حکم دیا تھا کہ وہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا قابل اعتراض مواد چاہے وہ تصویر ، ویڈیو یا تحریری کسی بھی شکل میں ہو فوری طور پر ہٹا لیں۔