تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 13:53

کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروازوں کیلئے کھول دیاگیا

جنگ نیوز -


کراچی . . . . . کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ غیرملکی طیارے کی کریش لینڈنگ کے بعد پروازوں کیلئے کھول دیا گیا ہے ، ایئرپورٹ چھ گھنٹے پروازوں کیلئے بند رہا اور مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا رہا، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کریش لینڈنگ مرکزی رن وے کی بجائے پرائمری رن وے پر کرائی جاتی تو ایرپورٹ پروازوں کیلئے بند نہ کرنا پڑتا۔ آج صبح سعودی عرب کے شہر تبوک سے کوئٹہ جانے والے ایک سعودی چارٹرڈ طیارے نے اگلا وہیل نہ کھلنے کی وجہ سے کراچی ایرپورٹ پر کریش لینڈنگ کی۔ لینڈنگ کے دوران طیارے کے اگلے حصے سے چنگاریاں نکلیں لیکن سی اے اے کے فائرفائٹرز نے طیارے کو آگ لگنے سے بچا لیا۔عملے کے سات ارکان سمیت تمام 72 مسافر محفوظ رہے تاہم طیارے کے نچلے حصہ کو نقصان پہنچا۔ طیارے میں سعودی شاہی خاندان کے افراد بھی تھے جو شکار کی غرض سے کوئٹہ کے راستے دالبندین جارہے تھے۔ ان کے ہمراہ شکاری پرندے بھی تھے۔ سعودی باشندوں کو ہوٹل منتقل کردیا گیاہے۔ متاثرہ طیارے کو پی آئی اے کے انجینرز کی مدد سے رن وے سے ہٹایا گیا لیکن اس دوران کراچی ایرپورٹ پروازوں کیلئے تقریبا چھ گھنٹے بند رہا۔ادھر پی آئی اے کیمیڈیا ایڈوائزر طاہر خلیل کے مطابق کراچی ایرپورٹ بند ہونے سے پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول شدید متاثر ہوا۔اندرون ملک اور بیرون ملک سے کراچی آنے والی متعدد پروازوں کو نواب شاہ اور لاہور میں اتارا گیا جبکہ پی آئی اے سمیت ملکی اور غیرملکی فضائی کمپنیوں کی متعدد پروازیں کئی گھنٹے تاخیرکے بعد کراچی سے روانہ ہوئیں، بعض پروازیں منسوخ بھی کردی گئیں۔اس دوران مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا کئی ٹرانزٹ مسافر اپنی اگلی پروازیں حاصل نہیں کرسکے۔ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کریش لینڈنگ پرائمری رن وے پر کرائی جاتی تو کراچی ایرپورٹ پروازوں کیلئے بند نہیں کرنا پڑتا۔ کریش لینڈنگ مرکزی رن وے پر کرانا سول ایوی ایشن اتھارٹی کی نااہلی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.