25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 17:16
ایم کیو ایم نے ہر مسئلے پر مثبت جدوجہد کی ہے ہم ان کے ساتھ ہیں، شیخ وقاص
جنگ نیوز -
کراچی…وفاقی وزراء و مشیر شیخ وقاص ، سردار شاہجہاں یوسف ، احمد یارخان ہراج ،فاروق اعوان و دیگر پر مشتمل ایک وفد نے اتوار کی سہ پہر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی رہائشگاہ المعروف نائن زیروعزیزآباد کا دورہ کیا اور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی اور حق پرست وزراء و اراکین اسمبلی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں کنور خالد یونس ، گلفراز خان خٹک ،حق پرست وزراء سینیٹر بابر خان غوری ، ڈاکٹر ندیم احسان ،روٴف صدیقی ، حق پرست ارکان اسمبلی سفیان یوسف ، ڈاکٹر عبدالقادر خانزادہ اور امام الدین شہزاد بھی شامل تھے۔ملاقات میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرخاص طورپر احمد یار خان ہراج اور سردار شاہجہاں یوسف نے ہزارہ اور سرائیکی صوبے کی قیام کی حمایت اور عملی جدوجہد کرنے پر قائد تحریک الطاف حسین سے اظہار تشکر کیا ۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص نے کہا کہ الطاف حسین کی رہائشگاہ نائن زیرو پرآنے کی میری بڑی خواہش تھی اور ایک خواب تھا جو آج شرمندہ تعبیر ہوگیا ہے ، ایم کیو ایم اورمسلم لیگ(ق) موجودہ حکومت میں اتحادی جماعتیں ہیں یہ اتحاد وقت کے ساتھ ساتھ بڑھے گا ۔ متحدہ قومی موومنٹ نے ملک کے ہر مسئلے پر مثبت اور عملی جدوجہد کی ہے ہم بھی اس سلسلے میں ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہم الطاف حسین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سرائیکی اور ہزارہ صوبے کے قیام کا مطالبہ اور حمایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے نوجوانوں کی قوت کو ایک جگہ جمع کرکے انہیں ایک مثبت راہ پر لگادیا ہے ، ہمیں امید ہے کہ ایم کیو ایم کا کام کراچی کی طرح پنجاب اور پورے ملک بھر میں جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے ایک چھوٹی سی جگہ سے ایک بہت بڑی جدوجہد کا آغاز کیا ہے اوراب ملک کے بچے بچے کے منہ پر ایم کیو ایم کا نام ہے ، ایم کیو ایم اور ہمارا راستہ ایک ہی ہے ، متوسط طبقے کے حقوق اور جدوجہد کے حوالے سے ایسی کوئی مثال ملک میں موجود نہیں جو الطاف حسین نے قائم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے حکومت سنجیدہ ہے اس سلسلے میں آئین میں 20ویں ترمیم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی بھی سنجیدہ ہیں۔ بابر خان غوری نے مہمانوں کو نائن زیرو آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ کچھ لوگ آج انقلاب لانے کی بات کررہے ہیں جبکہ الطاف حسین 25سالی قبل یہ انقلاب لاچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہزارہ اور سرائیکی صوبے کی طرح پوٹھوہار صوبے کی بھی حمایت کرتی ہے ۔علاوہ ازیں معزز مہمانوں نے ایم کیو ایم کے مرکزی شعبہ اطلاعات کا دورہ بھی کیا اور وہاں خبروں کی نشر و اشاعت کے حوالے سے جاری کام کودیکھا اور اس کی تعریف کی ۔وہ اس بات پر حیران تھے کہ پریس کانفرنس ختم ہونے کے محض 5منٹ بعد ہی ان کے دورہ نائن زیرو کے حوالے سے خبر تیار تھی ۔