25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 17:31
پاکستان میں باکسنگ تباہی و بربادی کے دہانے پر پہنچ چکا ،اقبال حسین
جنگ نیوز -
کراچی… پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے نائب صدر اقبال حسین نے کہا ہے کہ ایک سالہ پابندی کا کوئی آئینی اور قانونی جواز نہیں تھا لیکن جنرل کونسل کے اجلاس کے فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے یہ کڑوا گھونٹ پینا گوارا کیا، ملک میں باکسنگ تباہی و بربادی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، کرپشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد آزادانہ گھوم رہے ہیں جبکہ باکسنگ کیلئے خدمات انجام دینے والے کی زبان بندی کردی گئی، باکسنگ کے ذمہ دار اگر ابھی بھی خاموش رہے تو اس ملک سے باکسنگ کا نام و نشام مٹ جائے گا، غیرملکی ٹیموں سے جو سلوک کیا گیا ہے ایسا سلوک تو کوئی دشمن کو بھی گھر بلا کر نہیں کرتا۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال دسمبر میں پشاور میں ہونے والے جنرل کونسل کے اجلاس میں مجھے حق اور سچ کہنے کی سزا دی گئی اور میڈیا میں بیانات دینے پر ایک سال کی پابندی عائد کی گئی جسے کونسل اجلاس کا فیصلہ سمجھ کر میں نے پورا کیا۔ اب میں پابندی سے آزاد ہوچکا ہوں اور حق اور سچ بولوں گا اور باکسنگ کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکروں گا۔ باکسنگ اس وقت ملک میں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ کھلاڑیوں، کوچز اور ریفری ججز کی حالت سب کے سامنے ہے، انہیں ٹورنامنٹ اور ٹریننگ سیشن کے دوران الاؤنسز بھی نہیں دیئے جاتے۔ کھلاڑیوں کی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے، ہمارے پاس مستقبل کے لئے کھلاڑی دستیاب نہیں ۔ غیرملکی کھلاڑیوں کو مقامی کھلاڑیوں پر ترجیح دیکر انہیں احساس محرومی کا شکار کیا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو باکسنگ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر غیرملکی ٹیموں کے ساتھ جو بدترین رویہ اختیار کیا گیا اس کی نظیر نہیں ملتی، اس سے قبل کراچی ٹورنامنٹ کے موقع پر ویتنام اور عراق کی ٹیموں سے وعدہ کے مطابق الاؤنسز نہ دینے پر ہم نے ان دو ٹیموں کو کھویا اب اسلام آباد کے ایونٹ کے بعد دس سے بارہ ٹیمیں پاکستان آنے سے محروم ہوجائیں گی۔ باکسنگ کے ذمہ دار افراد کو چاہئے کہ خاموشی کا لبادہ اتار کر صرف اور صرف کھیل کے مفاد میں اپنا کردار ادا کریں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ دودا خان کو بھٹو خاندان کی سرپرستی حاصل ہے تو یہ ان کی بھول ہے، جو لوگ کرپشن اور انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے عمل میں ملوث ہیں وہ آج آزاد گھوم رہے ہیں۔