25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:5
اسلام آباد میں تمام سی این جی اسٹیشنز پیر کی شام تک بندرہیں گے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سوئی ناردرن گیس کمپنی نے اسلام آباد میں تمام سی این جی اسٹیشنز کوپیر کی شام تک بند کرادیا ، کمپنی کا کہنا ہے کہ حکم امتناعی خارج ہو چکاہے اب سی این جی سیکٹر کو وفاقی دارالحکومت میں بھی گیس کی بندش کے تین دن پورے کرنے ہونگے، دوسری طرف غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ حکومت ان سے حکم امتناعی کا بدلہ لے رہی ہے، سوئی ناردرن گیس کمپنی کے لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت پوٹھوہار ریجن میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی بندش کا شیڈول جمعرات ، جمعہ اوراتوار کا ہے ، آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے ارکان نے گیس کے لوڈ مینجمنٹ کیخلاف اسلام آباد کے سی این جی اسٹیشنز کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حکم امتناعی لے رکھا تھا تو جمعہ کے روز عدالت عالیہ نے حکم امتناعی خارج کردیا، سوئی ناردرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر اسلام آباد ریجن محمود ضیاء نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ اسلام آباد میں بھی سی این جی سیکٹر کو گیس کی لوڈ شیڈنگ کے تین روز پورے کرنا ہونگے ،ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کو حکم امتناعی خارج ہونے کے بعد سی این جی اسٹیشنز شام چھ بجے بند ہوئے تھے اب انہیں لود شیڈنگ کے تین روز پورے کرنے ہیں اور اب یہ سوموار کو شام چھ بجے کھلیں گے، دوسری طرف آل پاکستان سی این جی ایسوسی کے سینٹرل چیئرمین غیاث پراچہ نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکم امتناعی خارج ہونے کے فوراً بعد تمام سی این جی اسٹیشنز بند کر دیئے تھے ، انہوں نے کہا کہ حکومت ہم سے حکم امتناعی لینے کا بدلہ لے رہی ہے ۔