25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:54
حکمرانوں کی روش قائد کے اصولوں سے یکسر منافی ہے،مظہر علی شاہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل سید مظہر علی شاہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکمرانوں و سیاستدانوں کی روش قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں اور کردار سے یکسر منافی ہے ،نوجوان نسل اپنا آئیڈیل قائد اعظم محمد علی جناح کو قرار دے کر مستقبل کی راہیں متعین کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختارا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام عزاخانہ گلستان زینب میں قائد اعظم محمد علی جناح کی اسلام اور خانوادہ رسول سے محبت کے عنوان پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ محض گارڈز کی تبدیلی ،کابینہ کی حاضری اور قائد کے مزار پر جلسے کر لینے سے قائد کی روح کو خوش نہیں کیا جا سکتا جب تک حکمران اپنے طرز عمل اورنظریات کو قائد کے فرمودات اور افکار سے ہم آہنگ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ قائدکا تصور پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ بنا کر دنیا کو اسلام کی آفاقیت سے آگاہ کرنا تھا لیکن آج کے حکمران و سیاستدان اسلامی تعلیمات روایات سے یکسر نابلد ہیں ۔آج ملک دہشت گردی کی آماج گاہ بن چکا ہے ۔جس سے ایک طرف اسلام دشمن قوتیں اسلام اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا میں مصروف ہیں تو دوسری جانب پاکستان کے شہری امن و سکون کی فضا کو ترس گئے ہیں ۔مظہر علی شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ جو اقوام اپنے مشاہیر و رہبران کی راہ بھلا دیتی ہیں انہیں تاریخ بھی بھلا دیا کرتی ہے ۔تقریب سے راجہ محمد رضا،ابراہیم اسکاوٴٹس کے راجہ ذوالکفل ،ہےئت طلبائے اسلامیہ کے جنرل سیکرٹری سید عقیل عباس کاظمی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔